نرخ نظر انداز،اشیا خورونوش کی من مانی قیمتیں
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اشیا خورونوش کی ریٹ لسٹ دکانداروں نے ہوا میں اڑا دی ، دکاندار من مانے نر خوں پر اشیا خورونوش فروخت کرنے لگے ۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف محکموں کے ملازمین کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات بھی د ئیے گئے بھاری جرمانے بھی کئے گئے اس کے باجود ناجائز منافع خوری کم نہیں ہو رہی ۔تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اشیا خورونوش کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق تمام دکاندار اشیا فروخت کرنے کے پابند ہوتے ہیں ۔ دکانداروں نے ریٹ لسٹ تو آویزاں کی ہوئی ہے لیکن اس ریٹ کے حساب سے وہ کوئی بھی اشیا فروخت نہیں کر رہے ۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دال چنا کا ریٹ 340روپے فی کلو ہے لیکن مارکیٹ میں 370وپے فروخت ہو رہی ہے ۔کالے چنے 320روپے لیکن 350روپے میں فروخت ہورہے ہیں۔سفید چنے کا ریٹ270 روپے ہے لیکن دکاندار 310میں فروخت کر رہے ہیں۔ برائلر مرغی کا گوشت 593روپے فی کلو ہے لیکن دکاندار 680روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔ ٹماٹر کا ریٹ 135روپے کلو مقرر ہے لیکن دکاندار ٹماٹر 200 روپے فی کلو گرام ،پیاز 170روپے آلو 90روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں ۔ قیمتوں میں اضافہ سے شہری پریشان ہیں ۔ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارروائی کر رہے ہیں بھاری جرمانے کئے جاتے ہیں،سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد پر اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جائینگے ۔