بنیادی سہولیات کا فقدان،جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر،شہر پسماندگی کی طرف جانے لگا

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)حکومتی دعوؤں کے باوجود ملک کا پانچواں بڑا صنعتی شہر گوجرانوالہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔
،سالانہ 55 ارب روپے ٹیکس ریونیو ادا کرنیوالے عوام کو گندگی ،کوڑا کرکٹ ،ٹوٹی پھوٹی سڑکوں ،خراب سیوریج نظام،گیس کی لوڈشیڈنگ اور دیگر مصائب سے نجات نہ مل سکی، گوجرانوالہ شہر پسماندگی کی طرف جانے لگا ،60لاکھ عوام ابتر زندگی گزانے پر مجبور ہیں، ضلعی انتظامیہ ،بلدیاتی اداروں کے سربراہان سمیت اعلیٰ افسران و اراکین اسمبلی اور عوامی نمائندے عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے کو تیار نہیں ،تمام سڑکوں پر ٹریفک سگنلز، زیبرا کراسنگ ،کیٹ آئیز ،روڈ لائٹس ،پیچ ورک وغیرہ نہ ہونے سے خونی حادثات معمول بن گئے ہیں جبکہ صحت و صفائی نہ ہونے سے شہر میں گندگی، غلاظت کے جگہ جگہ پہاڑ نما ڈھیر لگ چکے ہیں ۔ سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے سیکڑوں صنعتی یونٹس ،فیکٹریاں، کارخانے ،ملز ،گھریلو صنعتی دستکاری فیکٹریاں وغیرہ بند ہوچکی ہیں، سرکاری محکموں کے سربراہان بھی اپنے فرائض منصبی سے چشم پوشی کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔