بد عنوانی میں ملوث گیپکو ملازمین کیخلاف 3ہزار کیسز زیر التوا

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گیپکو کے اعلیٰ افسر میٹنگز میں مصروف،گوجرانوالہ ڈویژن میں قائم گیپکو کے تمام دفاتر میں بجلی چوری ، لائن لاسز ،میٹریل چوری ،کرپشن ،بد عنوانی اور اختیارات سے تجاوز کرنے میں ملوث افسر وں اور ۔۔۔
ملازمین کیخلاف 3 ہزار سے زائد کیسز التوا کا شکارپڑے جن میں سکیل ایک تا19 کے ملازمین اور افسر شامل ہیں جبکہ ایف آئی اے میں مقدمات درج ہونے اور نوکریوں سے برخاست کے احکامات جاری ہونے کے بعد وہی ملازمین نوکریوں پربحال ہونے لگے ، گیپکو کے سابق سربراہ نے متعدد بار نوٹس لیتے ہوئے 1893 کیسز نمٹا کر ہزاروں افسر اور ملازمین کو سزائیں دینے کے احکامات جاری کئے تھے جن پر کارروائی کرتے ہوئے شوکاز نوٹسز جاری کئے اور انکوائریوں کو آغاز کیا گیاتھا جس سے ایکسین ،ایس ڈی اوز ،لائن سپر نٹنڈنٹ ،لائن مین اور دیگر ملازمین میں کھلبلی مچ گئی مگر بیشتر سفارشی افسر اور اہلکار بچ نکلے ۔ذرائع کے مطابق غفلت برتنے والے 350 افسروں کی سرزنش کرکے نوٹس د ئیے گئے ، 1048کیسزمیں ملوث افسر وں کی انکریمنٹ اور ترقیاں روکنے کے احکامات تو جاری کرد ئیے لیکن 63کیسز میں افسر وں سے کروڑوں روپے کی ریکوری نہ ہوسکی۔ گزشتہ سال بھی52 ملازمین کی تنزلی کی گئی تھی، 5 کو جبری ریٹائرڈ ،20 کو نوکریوں سے ہٹادیا تھا ،6 ملازمین کو میٹریل چوری پرنوکری سے برخاست کرکے ساڑھے تین کروڑ کی ریکوری کرنے کا حکم دیا جن کے خلاف ایف آئی اے میں بھی مقدمہ تھا انہیں بھی بحال کردیا گیا۔باوثوق ذرائع کے مطابق بے ضا بطگیوں ،کرپشن ،میٹریل چوری ،لائن لاسز ،بجلی چوری اور اختیارات سے تجاوز کے ہزاروں کیسز کئی سال سے التواکاشکار پڑے تھے تاحال 3 ہزار سے زائد افسر وں اور ملازمین کیخلاف انکوائریوں کے باوجود سزائیں دینے کا معاملہ دبارکھا تھا جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران مزید انکوائریاں آنے پر کیسز میں اضافہ ہوا ہے ۔