ن لیگ کے موجودہ دورمیں معیشت مضبوط ہو گی :احسن ڈار

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر اوورسیز رہنما احسن ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں نواز شریف ویژنری لیڈر اور پاکستان کی ترقی کا دوسرا نام ہے۔
ان کی قیادت میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ملک کو بحران سے نکال رہے ہیں ، تعمیرو ترقی اور خدمت کیساتھ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کی بھرپور جدوجہد کررہے ہیں جس کا ثبوت ایک سال کی ترقی ہے جس میں نہ صرف ملک کو بحران سے نکالا ہے بلکہ خارجہ امور پر بھی خصوصی توجہ دی ان کی شب و روز کوششوں سے پنجاب کے عوام کو ایڈ منسٹریشن مل رہی ہے اور ترقی کی نئی منازل طے کی جارہی ہیں، انشاء اللہ ن لیگ کے اس دور میں ملک معاشی طور پر مضبوط ہوگا اورعوام کو مہنگائی سے نجات بھی ملے گی، فلاح و بہبود کے پروگرامز کی ریل پیل ہو گی ۔ احسن ڈار نے کہا کہ دنیا بھر اور خاص طورپر برطانیہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے دل مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور اوورسیز پاکستان سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں ہمیشہ ترقی اور عوام کی بہتری مسلم لیگ ن دور میں ہوئی ہے ، اس کے برعکس ایک جماعت نے اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈنگ کی ہے لیکن اوورسیز کو بدتمیزی اور جھوٹے نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا بلکہ ملک کی بدنامی کا باعث ہی بنے ہیں۔ احسن ڈار نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو سمجھ آگئی ہے کہ اس جماعت کا ایجنڈا پاکستان کیخلاف ہے ۔ اس لئے انہوں نے تحریک فساد کی ملک میں ترسیلات زر بھیجنے کی کال کو یکسر مسترد کردیا ہے بلکہ پہلے کی نسبت ریکارڈ ترسیلات بھیج کر وطن سے محبت کا ثبوت دیا ہے۔