عید سے قبل مہنگائی کا طوفان ، غریب اور متوسط طبقہ متاثر
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)عیدالفطر سے قبل بجلی کی قیمت میں اضافہ اورمہنگائی کا طوفان قابل مذمت ہے ،عیدالفطر سے قبل بے تحاشہ مہنگائی نے غریب اورمتوسط طبقے کے افراد کی خوشیاں چھین لی ہیں ،بازاروں کی رونقیں ماند پڑنے لگیں ، نت نئی جیولری تو موجودہ مگر گاہک غائب ہیں ۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی نے آرٹیفیشل جیولری بھی خواتین کی پہنچ سے دور کر دی ۔ بازاروں میں جھومر ،انگوٹھیوں ،ہار اور چوڑیوں کی قیمتیں دگنی ہو گئیں ۔ خواتین جیولری پسند تو کرتی ہیں لیکن قیمتیں سن کر بے بسی کی تصویر بن جاتی ہیں ۔ دکاندار کہتے ہیں مہنگائی سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، لوگ آتے ہیں مگر قیمتیں سن کر واپس چلے جاتے ہیں ۔ خواتین کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کی نسبت قیمتیں بہت زیادہ ہیں ، حکومت مہنگائی پر قابو پائے تاکہ ہم بھی عید کی تیاری کر سکیں ۔ عید پر سجنا ،سنورنا تو ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے لیکن یہ خواہش بھی مہنگائی کے بوجھ تلے دب کر رہ گئی ہے ۔