ہسپتالوں میں غفلت برداشت نہ کی جائیگی:ایوب بخاری
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں جا کر سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کے رویہ کے بارے میں خصوصی طور پر دریافت کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کے احکامات کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مستقل فراہمی کے لئے اقدامات کئے گے ہیں اور یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تمام طبی عملہ مکمل توجہ کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضری اور غفلت کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائیگی اور سخت کاروائی فوری طور پر عمل میں لائی جائیگی۔ایوب بخاری نے ہسپتال کے بلڈ بینک کا معائنہ کیا اور وہ ایمرجنسی، سرجیکل وارڈ اور دیگر شعبوں میں بھی گئے ۔ انہوں نے طبی آلات کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام آلات کو مکمل طور پر درست اور چالو حالت میں رکھا جائے تاکہ مریضوں کو بروقت سہولیات میسر ہو سکیں۔