قوموں کی ترقی اور زوال میں تعلیم بنیادی فرق:بابو شعیب
وزیرآباد(نامہ نگا ر)کسی بھی قوم یا معاشرے کیلئے علم ترقی کا ضامن ہے ،یہی تعلیم قوموں کی ترقی اور زوال کی وجہ بنتی ہے ،علم سیکھنا قرآن کی بنیادی تعلیم ہے ۔
ان خیالات کا اظہار سابق چیئرمین بلدیہ بابو شعیب ادریس اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز تعظیم طاہر نے گورنمنٹ پرائمری سکول ٹھٹھی آرائیاں میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ہیڈ ٹیچر محمد شعیب،سابق ہیڈ ٹیچر عرفان الٰہی،سید شہباز بخاری،ناصر محمود یوسف، مس زاہدہ پروین،خالد محمود اللہ والے ، اسد اللہ اور خالدمحمود بھٹہ نے بھی خطاب کیا۔بابو شعیب ادریس نے کہا کہ علم حاصل کرنے کے ابتدائی آثار ہمیں اسلام کے عہد نبوی میں ملتے ہیں چنانچہ غزوہ بدر کے قیدیوں کی رہائی کیلئے پڑھنا سکھانا قید سے رہائی کی شرط رکھی گئی ، ہمارا المیہ یہی ہے کہ ہم جب بھی علم اور تعلیم سے دور ہوئے غلام بنالیے گئے یا پھر جب بھی ہم نے تعلیم کے مواقعوں سے خود کو محروم کیا بحیثیت قوم اپنی شناخت کھو بیٹھے ۔ تقریب کے دوران تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں سیدہ نور زہرا،وردہ عدنان، رومیفا ذیشان،فضہ قیصر،زہرہ بتول،محمد زمان،مناہل بشیر،مناہل ساجد،مہک نعیم،طلحہ نوید،فیضان ناصر، فاطمہ خالد،ایمان فاطمہ،ندا زمان،فجر ناصر و دیگر کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی گئی۔