بھینسوں کی شہر سے باہر منتقلی کا آپریشن ختم

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) گوجرانوالہ شہر سے بھینسوں کو باہر نکالنے کا آپریشن روک دیا گیا،میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 4روز کے دوران شہری حدو دمیں قائم بھینسوں کے متعدد باڑوں کو سیل کیا گیا۔۔
، مقدمات بھی درج کرائے گئے لیکن اچانک آپریشن روک دیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ کمشنر کی ہدایت پر گوجرانوالہ کی شہری حدود کے اندر قائم بھینسوں کے باڑوں کو ختم کرنے اور انہیں شہر سے باہر نکالنے کے لیے ایک ہفتہ قبل آپریشن شروع کیا گیا تھا۔میونسپل کار پوریشن کے عملہ نے شہری حدود میں قائم بیشتر بھینسوں کے باڑوں کو سیل کیا اور ان کے مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے لیکن اچانک آپریشن رک گیا ۔ شہر میں باڑوں اور مویشیوں کی بھرمار ہے ۔وحدت کالونی ،تالاب دیوی والا،پونڈاوالا چوک ،فیروز ولا روڈ ،نوشہرہ روڈ ،حافظ آباد روڈ ،جناح روڈ ،پیپلز کالونی سمیت متعدد علاقوں کی گلیوں ،محلوں میں بھینسوں کے باڑے بنے ہوئے ہیں ۔ بھینسوں کے گوبر اور فضلہ سے سیوریج لائنوں کا بند رہنا معمول بنتا جا رہا ہے ،اکثر نے تو گلیوں میں ہی بھینسوں کوباندھا ہوتا ہے جن کا گوبر گلی میں ہی پڑا ہوتا ہے جب بارش ہوتی ہے تو گوبر پانی کے ساتھ سیوریج لائنوں میں چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے گٹر ابل پڑتے ہیں ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور نکاسی آب کیلئے مویشیوں کو شہر سے باہرنکالنا انتہائی ضروری ہے حکومت اس پر عمل درآمد کویقینی بنائے ۔