نوجوانوں میں اختراع و جدت کی صلا حیتیں ہیں:فہد شہباز

گجرات(سٹی رپورٹر)پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز نے جامعہ گجرات کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے ۔۔
طلبہ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے نوجوانوں کی فلاح و ترقی کیلئے شروع کیے جانے والے مختلف پروگراموں سے تفصیلی متعارف کرایا۔اس حوالے سے جامعہ گجرات کے سٹوڈنٹس سروسز سنٹرکی جانب سے خصوصی سیمینار کا انعقاد ہواجس میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں ڈین پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف نے سینئر انتظامیہ کے ہمراہ PMYPوفد کی یونیورسٹی آمد پر پُر تپاک استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ فہد شہباز نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں اختراع و جدت پر استوار منصوبہ بندی اور اس پر عمل پیرائی کی بے پناہ صلا حیتیں ہیں۔ حکومت پاکستان نوجوان نسل کو مختلف سطح پر سہولیات فراہم کرنے کی راہ پر گامزن ہے تاکہ پاکستان کا نوجوان طبقہ اپنی فکری و ذہنی صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کے معاشی مستقبل کا نگہبان بن سکے ۔ معاشرتی و سماجی سطح پر مثبت تبدیلیوں کے لیے نوجوان طلبہ کی جانب سے پیش کردہ اختراعی خیالات کو ترجیح دی جائے گی۔