علی پورچٹھہ:میونسپل کمیٹی دفتر کے با ہر نا جا ئز کھوکھے قائم
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )میونسپل کمیٹی نے اپنے دفتر کے دروازے پر ناجائز کھوکھے لگوا لئے۔
گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی طالبات کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ وزیراعلٰی پنجاب کی ہدایات سڑکوں بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بر عکس میونسپل کمیٹی کے دروازے سے ملحقہ ناجائز کھوکھے مبینہ بدعنوانی اور منتھلیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، سرکلر روڈ پر بلدیہ کے بالکل سامنے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اور ایلیمنٹری سکول واقع ہیں جن کی دیواروں اور گیٹ کے ساتھ پختہ کھوکھے عرصہ دراز سے قائم ہیں۔ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر فوٹو سیشن تک کارروائی محدود کی جارہی ہے ۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی روزانہ تجاوزات سے آنکھیں چراتے ہوئے بلدیہ دفتر میں آتے جاتے ہیں جبکہ متعدد بار سکول انتظامیہ کی شکایات کے با وجود ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔چیف آفیسر گلریز افضل وڑائچ اس سے قبل بھی کئی بار یہاں تعینات رہ چکے ہیں ،وہ مسائل کے حل بارے پراسرار خاموش رہتے ہیں۔ میونسپل آفیسر ریگولیشن احسن جاوید نے رابطہ پر کہا کہ میں نیا تعینات ہوا ہوں اس بارے کچھ نہیں جانتا ڈسکس کرکے ہی کچھ بتا سکتا ہوں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ پر زور دیا ہے کہ میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ میں کرپشن، بدعنوانی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔