روڈ کشادگی کیلئے عمارتیں خالی کرنے کا نوٹس ‘متاثرین کا احتجاج

لدھیوالہ وڑائچ,عالم چوک(نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی ) ضلعی انتظامیہ کو انکروچمنٹ کے نام پر لدھیوالہ میں لوگوں کی پراپرٹی کو مسمار نہیں کرنے دیں گے۔۔۔
حکومت کو سڑک کو کشادہ کرنے کیلئے زمین چاہیے تو لوگوں کو رقم ادا کی جائے اور 2ماہ کا وقت دیا جائے ، تین دن کا نوٹس کسی صورت قبول نہیں ،میونسپل کمیٹی لدھیوالہ میں لوگ سرپاا احتجاج بن گئے ۔ ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے اندرون لدھیوالہ میں حافظ آباد روڈ کو کشادہ کرنے کیلئے دوروز قبل غیر قانونی عمارتوں کو مارک کیا گیا تھا اور ان پراپرٹی مالکان کو تین روز کے اندر اندر جگہ خالی کرنے کے نوٹس جاری کئے گئے تھے اور ضلعی انتظامیہ نے 28 اپریل کو آپریشن کرنے کا عندیہ دیا تھا نوٹس ملنے پر لوگوں نے میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کے باہر احتجاج کیا اس موقع پر فیصل مراد ایڈووکیٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت کو لوگوں کی ملکیتی اراضی پر کسی صورت توڑ پھوڑ نہیں کرنے دیں گے ۔ انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ کے نام جاری پیغام میں کہا کہ اگر حافظ آباد روڈ کو کشادہ کرنے کے لئے حکومت کو لوگوں کے مکانات چاہئیں تو ان کی قیمت ادا کرنا ہو گی اور پراپرٹی کو خالی کرنے کے لئے دو ماہ کا وقت دینا ہو گا اگر ضلعی انتظامیہ نے زبردستی آپریشن کر کے عمارتوں کو مسمار کرنے کی کوشش کی تو خطرناک نتائج برآمد ہوں گے اور کسی بھی نقصان کے ذمہ دار کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ہوں گے ۔