4روز قبل اغوا ہونیوالی شادی شدہ خاتون کی لاش برآمد
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)تھانہ گرجاکھ کے علاقہ سے چارروز قبل اغوا ہونیوالی شادی شدہ خاتون کو نامعلوم ملزموں نے تشدد کر کے قتل کر دیا۔۔۔
اور لاش خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہو گئے ،پولیس نے مقتولہ کی لاش ہسپتال منتقل کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ گرجاکھ کے علاقے محلہ علی جی ٹائون کے رہائشی محنت کش اکبر کی بیوی(ن) 25اپریل کو گھر سے سودا سلف لینے کیلئے گئی جسے راستے میں تین نامعلوم افراد نے اغوا کرلیااورپولیس نے محنت کش کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا تھا جبکہ چار روز قبل اغوا ہونیوالی شادی شدہ خاتون کی علی جی ٹائون میں واقع خالی پلاٹ سے لاش بر آمد ہو گئی ،مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات واضح نظر آرہے ہیں ، اس بارے علم ہونے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کرنے کیساتھ ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ،دوسری جانب خالی پلاٹ سے تشدد زدہ لاش برآمد ہونے پر علاقہ بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔