اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان عالمی امن کیلئے خطرہ:ارشد مہند

اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان عالمی امن کیلئے خطرہ:ارشد مہند

حافظ آباد (نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنما اور سابق صدر بار محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ نے اسرائیلی صدر نیتن یاہو کے اُس اشتعال انگیز بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔۔۔

 جس میں انہوں نے کہا کہ ایران کے بعد پاکستان کی باری ہے ۔ انہوں نے اس بیان کو خطے کے امن کے خلاف گھناؤنی سازش اور عالمی امن کو تہہ و بالا کرنے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جس کی جوہری اور میزائل ٹیکنالوجی کا شمار دنیا کی جدید ترین دفاعی صلاحیتوں میں ہوتا ہے ۔ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کسی بھی دشمن نے میلی آنکھ ڈالی تو وہ خود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ ارشد مہند نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایٹمی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جنہوں نے دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا تھا کہ ‘‘ہم گھاس کھا لیں گے لیکن ایٹم بم ضرور بنائیں گے ’’۔ یہ بھٹو کا ہی ویژن تھا جس نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ ان کے بعد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کو عملی بنیادوں پر ترقی دی اور پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محض دفاعی قوت ہی نہیں بلکہ ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے جو امن کی خواہاں ہے مگر اپنے دفاع سے غافل نہیں، اسرائیل کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے اگر اُس نے پاکستان کو ٹکر دینے کی کوشش کی تو خود نیست و نابود ہو جائے گا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے اس اشتعال انگیز طرزِ عمل کا فوری نوٹس لے اور خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے سے روکے ورنہ نتائج پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں