سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ ، 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار

گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ کے دوران انتہائی مطلوب 2 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ۔۔۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے سب انسپکٹر راشد اقبال ٹیم کے ہمراہ اشتہاری مجرموں کی تلاش کے لئے تھانہ کھیالی کے علاقہ نوشہرہ سانسی پلی کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران انہوں نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار4افراد کو مشکوک جان کر روکا لیکن ملزموں نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی،سی سی ڈی پولیس نے اپنی جان کے تحفظ اور ممکنہ خطرے کے سدباب کے لیے فائر کیے ،ملزم فائرنگ کرتے ہوئے کھیتوں میں گھس گئے ،فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر دوران سرچ آپریشن 2 ملزم زخمی حالت میں ملے ،پولیس حکام کا کہنا تھا کہ زخمی ملزموں کی شناخت ہارون احمد اور اسد طاہر کے نام سے ہوئی جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ،ملزموں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، گرفتار ملزم ڈکیتی راہزنی کی درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری ہیں جبکہ دو ملزموں اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔