ڈی سی کی کھلی کچہری ،بلدیہ نے درجنوں ریڑھیاں الٹادیں

منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )ڈسکہ میں ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ کی کھلی کچہری، میونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں نے درجنوں ریڑھیاں الٹادیں۔
گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر نے ڈسکہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کرناتھا اس کی اطلاع ملتے ہی میونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں نے میلاد چوک ’کچہری چوک اور کالج روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر لگی ہوئی ریڑھی بانوں کی ریڑھیاں پکڑنا شروع کردیں، اس دوران میونسپل کمیٹی والوں نے درجنوں ریڑھیاں الٹادیں جس کی وجہ سے ریڑھی بان میونسپل کمیٹی والوں کیخلاف سراپااحتجاج بن گئے ۔ ریڑھی بانوں نے بتایاکہ جب بھی کسی آفیسر نے ڈسکہ کا دورہ کرناہوتاہے تو میونسپل کمیٹی والوں کو تجاوزات کی مد میں ہماری ریڑھیاں کی نظر آتی ہیں دوسرے د کاندار نظر نہیں آتے جنہوں نے اپنی حدود سے تجاوز کرکے کئی کئی فٹ باہر سامان رکھا ہوتا ہے ۔ ان کا بس صرف ہم غریب ریڑھی بانوں پر ہی چلتا ہے ہم بچوں کی دو وقت کی روٹی کمانے کیلئے ریڑھیاں لگاتے ہیں اور میونسپل کمیٹی والے چند منٹ میں ہماری ریڑھیاں الٹا کرچلے جاتے ہیں ۔ ریڑھی بانوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔