جعلسازی سے رقبہ منتقل ،پٹواری اور2افراد کو قید کی سزا

جعلسازی سے رقبہ منتقل ،پٹواری اور2افراد کو قید کی سزا

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ریکارڈ میں رد و بدل کر کے شریک حصہ داروں کا قیمتی رقبہ اپنے نام منتقل کرانے والے پٹواری اور۔۔۔

 2 پرائیویٹ افراد کے خلاف جرم ثابت ہونے پرلاہور ہائی کورٹ نے ڈیڑھ ڈیڑھ سال قید اور ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کا حکم سنا دیا ۔بتایا جاتا ہے کہ ضلع منڈی بہاؤالدین کے علاقہ میں 2011 میں محمد اسلم ولد نور محمد،محمد عباس ولد غلام حیدر نے حلقہ پٹواری محمد اشرف کے ساتھ مبینہ طور پر ساز باز کرکے اپنے شریک حصہ داروں کا قیمتی رقبہ جعل سازی کے ذریعے اپنے نام منتقل کر ا لیا تھا جس پر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے مقدمہ درج کر کے ان کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا ، اینٹی کرپشن کورٹ گوجرانوالہ نے انہیں جرم ثابت ہونے پر پانچ پانچ سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن رانا شبیر اشرف نے بتایا کہ ملزموں نے سزا کے خلاف ہائی کورٹ لاہور میں اپیل دائر کر رکھی تھی جس کی سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے ملزمان کو ڈیڑھ ڈیڑھ سال قید اور ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کی ادائیگی کا حکم سنا یا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں