گجرات:تجاوزات مافیا دوبارہ سر گرم، انتظامیہ بے بس

گجرات:تجاوزات مافیا دوبارہ سر گرم، انتظامیہ بے بس

گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر)شہرمیں تجاوزات مافیا سرگرم، ہڑتالوں اورسیاسی پشت پناہی کے باعث آپریشن سرد مہری کاشکار۔

تاجرتنظیموں کے آگے انتظامی مشینری بے بس ہو گئی ، اہم شاہراہوں، بازاروں میں دوبارہ تجاوزات قائم ہونے لگیں ،میونسپل کارپوریشن کاعملہ صرف خانہ پوری کرنے کیلئے ریڑھی بانوں کوبے جاتنگ کرنے اور اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہوگیا ،شہرکے کرتادھرتاؤں کی خاموشی،قائم مقام ڈپٹی کمشنرکی مصروفیات کے باعث شہرانتظامی طور پرلاوارث ہوگیا ۔ چند ماہ قبل پنجاب حکومت کی طرف سے صوبہ بھرمیں بلاتفریق تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیاگیا تھاوہیں گجرات کے تمام شہروں میں توڑ پھوڑ کاسلسلہ جاری رہا اورحکومت نے تاجروں ودیگرقبضہ مافیا سے سرکاری جگہ واہ گزار بھی کرالی مگرجونہی انتظامی عہدوں پرتبدیلیاں ہوئیں تو گجرات شہربھرمیں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں غفلت شروع کردی گئی جس کے باعث تاجروں نے دوبارہ بازاروں میں تجاوزات بھی قائم کرلیں، شہرمیں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران تاجرتنظیموں نے شورشرابا کرتے ہوئے سیاسی چھتری تلے پناہ لیتے ہوئے آپریشن رکوا دیا جس کے باعث شہرکے اہم علاقوں میں آپریشن سرے سے کیا ہی نہیں گیا ۔ شہرکے اہم علاقوں سرکلرروڈ، مسلم بازار،تمبل بازار، کٹڑہ بازار، شاہ جہانگیرروڈ، ریلوے روڈ،سرگودھاروڈ،مین جی ٹی روڈ،بھمبرروڈ ودیگرعلاقے اب بھی تجاوزات مافیا کے نرغے میں ہیں جن کے خلاف انتظامی افسرایکشن لینے سے گریزاں ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے تجاوزات کیخلاف بلا امتیاز فوری آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں