ڈسکہ :سڑکوں کے کنارے غیر قانونی پارکنگ ایریاز قائم
ڈسکہ (نامہ نگار)ڈسکہ اور گردو نواح میں پارکنگ ایریاز نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں کنارے غیر قانونی پارکنگ ایریاز قائم ،سڑکیں سکڑنے سے ٹریفک کی روانی میں دشواری ،ٹریفک کا بلاک رہنا معمول بن گیا۔
ڈسکہ اور گردونواح میں آبادی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ڈسکہ شہر جیسے صنعتی اور کاربواری شہر میں پارکنگ کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں، لاکھوں کی آبادی والے صنعتی شہر میں دن رات کھلے رہنے والے درجنوں کاروباری مراکز کی سینکڑوں گاڑیاں اور سینکڑوں موٹر سائیکلیں تو موجود ہیں مگر منظم پارکنگ کے انتظامات موجود نہیں۔ شہر کی مختلف شاہراہوں کے کنارے غیر قانونی پارکنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے سڑکیں سکڑ گئی ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے سڑکیں تنگ ہونے کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہونا معمول میں بن گیا ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔