کمشنر کا ماڈل ریڑھی ،عزیز بھٹی ہسپتال ودیگرمقامات کادورہ
صفائی ، ویسٹ ڈسپوزل، پیڈیسٹرین موومنٹ، ٹریفک مینجمنٹ اقدامات کا جائزہ
گوجرانوالہ،گجرات(سٹاف رپورٹر،سٹی رپورٹر) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے گجرات کا دورہ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاہین چوک کے نیچے جدید ماڈل ریڑھی بازار کا معائنہ کیا۔ اس ماڈل بازار کا قیام شہریوں کو منظم انداز میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور ریڑھی بانوں کو باعزت روزگار میسر آ سکے ۔کمشنر نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا، صفائی ستھرائی، ویسٹ ڈسپوزل، پیڈیسٹرین موومنٹ اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ماڈل بازار میں سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے بریفنگ دیتے بتایا کہ ماڈل کارٹ بازار ضلع کونسل گجرات کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے اور اس کا مقصد شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور باقاعدہ مقامات پر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔
کمشنر نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کے ہمراہ عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ مریضوں کو طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے مریضوں اور لواحقین سے بھی بات چیت کی اور شکایات سُنیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ علاج معالجے کو مزید بہتر بنایا جائے ، صفائی اور مریضوں کی سہولت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ کمشنر نوید حیدر شیرازی نے گجرات کے تاریخی مقام رام پیاری محل کا بھی دورہ کیا۔ محکمہ آثارِ قدیمہ کے عملے نے کمشنر کو عمارت کی تاریخی اہمیت، جاری مرمتی کام اور منصوبوں پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا۔