علما کو استحکام پاکستان کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا ،پیر خالد حسن
فلسطین و کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا
راہوالی (نامہ نگار)جماعت اہلسنت راہوالی کے زیراہتمام جامعہ چشتیہ رضویہ ضیا القرآن راہوالی میں مقامی علمائے کرام کا اجلاس زیر صدارت مہتمم جامعہ پروفیسر شبیر حسین چشتی منعقد ہوا ۔پیر خالد حسن مجددی اور الحاج مولانا اکبر نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے مشائخ کی طرف سے قیام پاکستان کی طرح استحکام پاکستان کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا فلسطین و کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا انہوں نے کہا کہ اسلام کے بنیادی عقائد پر جماعت اہلسنت کے علمائے کرام کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ، دین اسلام کی اشاعت اور سربلندی کے لیے علمائے اہلسنت کا کردار ناقابل فراموش ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ ہے جس طرح ہمارے اسلاف علما و مشائخ نے ملک کے حصول کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرکے پاکستان کا قیام حاصل کرلیا تھا
اسی طرح آج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے استحکام کیلئے جماعت اہلسنت کے علما و مشائخ اپنا اہم کردار ادا کریں اس موقع پر علامہ عبدالحمید چشتی، الحاج سرفراز تارڑ ، حافظ غلام مرتضیٰ چشتی، علامہ عطا المصطفیٰ جمیل، صاحبزادہ نعمان صدیقی، حافظ عدیل عارف، پیر سید زاہد حسین مصطفائی، قاری سعید احمد ارشد ، حافظ اشر ف رضا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس کے اختتام پر علمائے کرام نے ممتاز عالم دین علامہ حنیف چشتی ؒ کی دینی و علمی خدمات شرافت، دیانت، اصول پسندی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ محراب و ممبر سے امن ، محبت، رواداری اور برداشت کا درس دیا۔ علمائے کرام نے اس موقع پر انکے مزار پر روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔