افتخار چیمہ کی انسانیت کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی :مقررین
سکول ، کالج بنوائے ،ٹراما سنٹر،کارڈیالوجی، دیہات میں گیس کی فراہمی اہم کارنامے
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )خلق خدا کی خدمت ہی انسانیت کی معراج ہے ،وہ لوگ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں جو اپنا اوڑھنا بچھوڑنا اپنی زندگی کا نصب العین بناتے ہیں، یہ سارے اوصاف اگر کسی شخصیت میں تھے تو ان کا نام جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ ہے ، ان کے اچھے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا مرحوم کیلئے سب سے بڑا اعزاز ہوگا۔ان خیالات کا اظہارمولانا زاہد الراشدی نے سابق ایم این اے ڈاکٹر نثار احمد چیمہ،سابق آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ کے بھائی،
بیرسٹر عثمان احمد چیمہ،رضوان احمد چیمہ کے والد سابق ایم این اے جسٹس(ر) افتخار احمد چیمہ کی اجتماعی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ مرحوم نے اپنی سیاست کو خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار رکھا،ان کا اوڑھنا بچھوڑنا عوامی خدمت تھی جس میں سرفہرست تعلیم اور صحت کے شعبے تھے ،افتخار احمد چیمہ نے 15سالہ ایم این اے شپ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا،کالجز، سکولز، ہسپتال، کشادہ روڈ اور ذاتی فنڈ سے بیٹیوں کے کالجز بنوا ئے جس میں سٹی گرلز گالج،دلاور چیمہ،گرلز کالج، سوہدرہ گرلز کالج،ٹراما سنٹر،کارڈیالوجی، 50گاؤں میں سوئی گیس کی سہولتیں اہم کارنامے ہیں جو ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔