بسوں اور ویگنوں میں ایل پی جی کااستعمال بڑھ گیا
بعض مالکان نے تین تین سلنڈر نصب کر رکھے ہیں ، بڑے حادثے کا خدشہ
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار)ڈسکہ اور گرد و نواح میں پابندی کے باوجود دیہی علاقوں کی طرف آنے جانیوالی بسوں اور ویگنوں میں ایل پی جی کااستعمال بڑھ گیا ،بعض گاڑیوں کے مالکان نے ویگنوں میں تین تین سلنڈررکھے ہوئے ہیں جوکسی بھی حادثہ کاسبب بن سکتے ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ایل پی جی کے استعمال پرمکمل پابندی ہے لیکن اس کے باوجود ایل پی جی کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ،شہری علاقوں کی نسبت دیہی علاقوں کی طرف جانیوالی بسوں اور یگنوں میں ایل پی جی سلنڈر کااستعمال زیادہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے اکثر حادثات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں،
دوسری طرف پابندی کے باوجود بسوں اور ویگنوں میں غیر قانونی طور پر ایل پی جی کی فلنگ بھی کی جاتی ہے اوگرا سے منظور شدہ سلنڈر ہی بسوں اور یگنوں میں استعمال ہوسکتے ہیں لیکن ایک سے زائد سلنڈر کے استعمال کی بالکل اجازت نہیں لیکن مسافر بسوں اور ویگنوں میں دو سے تین سلنڈر استعمال کئے جاتے ہیں ،بسوں اور ویگنوں کیخلاف کارروائی سست روی کا شکارہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔