علی پورچٹھہ :سیوریج سسٹم تباہ،نالیاں ،گٹر ابلنے لگے

علی پورچٹھہ :سیوریج سسٹم تباہ،نالیاں ،گٹر ابلنے لگے

علی پور چٹھہ(تحصیل رپور)علی پورچٹھہ میں تباہ حال سیوریج سسٹم نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ بند نالیاں اور ابلتے گٹر گلیوں کو نالہ بنا رہے ہیں جبکہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر عملی اقدام سامنے نہ آ سکا۔

شہر بھر میں سیوریج لائنیں مسلسل بند ہونے سے اندرونِ شہر کی گلیاں اور بازار بدبو دار گندے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ آمد و رفت بھی عذاب بن چکی ہے اور بچے تک بیماریوں کے خطرات سے دوچار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے میونسپل کمیٹی کے لیے باقاعدہ سکر مشین فراہم کر رکھی ہے تاکہ بند لائنیں کھولی جا سکیں، تاہم شہریوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ مشین کا استعمال انتہائی محدود ہے ۔ بعض شہریوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا ہے کہ مشین کے ایندھن اور آپریشن سے متعلق معاملات میں شفافیت برقرار نہیں رکھی جا رہی ہے ۔ اس بارے میں سرکاری سطح پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا برباد سیوریج سسٹم بحال کیا جائے ، پائپ لائنوں کی مکمل صفائی کی جائے اور مشین کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے ، تاکہ شہریوں کو اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں