عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے : عدیل حیدر
ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین کا دورہ پھالیہ ، مختلف محکموں کی کار کرد گی کا جائزہ لیا
پھالیہ (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے تحصیل پھالیہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اورمحکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب، ریسکیو 1122، صحت، تعلیم، ریونیو، ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات، زراعت، لائیو سٹاک، میونسپل کمیٹی، ای گورننس اور سروس ڈیلیوری سمیت تمام 22 انڈیکیٹرز پر پیش کی گئی کارکردگی رپورٹس کا بغور جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کا کہنا تھا کہ کارکردگی پر مبنی نظام ،حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں مقررہ اہداف کے مطابق بروقت مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو مزید بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام 22 KPIs کی مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے شفافیت، احتساب اور سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔ عوامی مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دفاتر میں افسر وں اور عملے کی دستیابی، شفاف نظام اور بہتر سروسز کی فراہمی کو یقینی بھی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ اور ریونیو افسر وں کو ہدایت کی کہ فرد اجرا، انتقالات اراضی، رجسٹریشن اور دیگر ریونیو معاملات میں شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔