بک فیئرجیسے میلے فکری ہم آہنگی کو فروغ دیتے ، ڈپٹی میئر
کتاب دوستی اور علم سے وابستگی زندہ اور ترقی یافتہ قوم کی بنیادی پہچان ہوتی ہےکتابیں اخلاق، برداشت، تہذیب اور شعور کی تربیت بھی کرتی ہیں،سلمان مراد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ مطالعہ، کتاب دوستی اور علم سے وابستگی کسی بھی زندہ اور ترقی یافتہ قوم کی بنیادی پہچان ہوتی ہے ، کتاب انسان کو سوچنے ، سمجھنے اور صحیح و غلط میں تمیز سکھاتی ہے جبکہ معاشروں کی فکری تعمیر میں کتاب کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کتابیں صرف معلومات کا ذریعہ نہیں بلکہ اخلاق، برداشت، تہذیب اور شعور کی تربیت بھی کرتی ہیں، یہ بات انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ کراچی ورلڈ بک فیئر کا دورہ کرنے اوراطہر اقبال کی کتاب ایک کہاوت ایک کہانی(جلد چہارم) کی تقریبِ رونمائی میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرتقریب میں کتاب کی رونمائی ہوئی۔
ڈپٹی میئر نے مزید کہا کہ نئی نسل کو کتاب سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل دور میں مطالعے کی عادت کمزور ہو رہی ہے ، جسے دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے والدین، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا، ورلڈ بک فیئر جیسے علمی میلے معاشرے میں علم دوستی، مکالمے اور فکری ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ہمیشہ سے علم، ادب، تحقیق اور تخلیق کا مرکز رہا ہے اور آج بھی یہ شہر ادبی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی شناخت برقرار رکھے ہوئے ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ ادبی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت سوچ، برداشت اور رواداری کو فروغ دیتی ہیں۔