صفائی ورکرز حقیقی ہیروز، خوشیوں میں ساتھ ہیں : ڈپٹی کمشنر
خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں :اسسٹنٹ کمشنر ،ورکرز میں کرسمس تحائف تقسیم
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مقامی میرج ہال میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے صفائی ورکرز کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیرآباد نوید احمد اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیر زادہ،تحصیلدار عون عباس چٹھہ اور کنٹریکٹر اخلاق حیدر چٹھہ تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر و دیگر نے صفائی ورکرز کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی ورکرز ہمارے حقیقی ہیروز ہیں جو موسمی سختیوں سے بے نیاز سارا سال گلی محلوں اور شاہراہوں پر کام کرتے ہیں ان کی خوشی میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ہم اپنے ان ورکرز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔اخلاق حیدر چٹھہ نے کہا کہ وزیرآباد میں ہمارے ورکرز دن اور رات دو شفٹوں میں کام کر رہے ہیں سخت سردی میں جب ہم سب اپنے گھروں میں سوئے ہوتے ہیں یہ صفائی ہیروز ہماری گلی محلوں اور شاہراہوں پر کام کر رہے ہوتے ہیں ہم ان کو پوری انتظامیہ کی طرف سے کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد، اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ اور اخلاق حیدر چٹھہ ایڈووکیٹ نے صفائی ورکرز میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے ۔