جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ متحرک دکانداروں سے بغیر رسید پیسے وصول، گرانفروشی بڑھ گئی
منصور آباد کے علاقے میں جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی جانب سے متعدد دکانداروں کو فرضی جرمانے لگا کر پیسے وصول کرنے کا انکشاف ،سی سی ٹی وی فوٹیج میں ریکارڈنگ ، کارروائی ہو گی:اے سی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں پرائس کنٹرول کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے اور شہر کے دکاندار اور شہری گرانفروشی کے نرغے میں آ گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث اصلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں سرگرم نہیں، جبکہ جعلی مجسٹریٹس شہریوں اور دکانداروں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اکثریت فیلڈ میں جا کر انسپکشن کرنے کے بجائے ماتحت عملے یا دفتری سٹاف کے ذریعے فرضی جرمانے اور رپورٹس تیار کر رہی ہے ۔ تحصیل سٹی میں تو جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی متحرک ہو گئے ہیں، جو سرکاری ڈائری پکڑ کر خود یا ماتحت عملے کے ذریعے دکانداروں سے بغیر رسید پیسے وصول کر رہے ہیں۔ماضی میں بھی ایسے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن میں بوگس انٹری اور فرضی جرمانے کرنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پکڑے گئے ۔ حال ہی میں منصور آباد کے علاقے میں بھی جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی جانب سے متعدد دکانداروں کو فرضی جرمانے لگا کر پیسے وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس کا جرم سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ریکارڈ ہو چکا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جرمانے کرنے والا شخص جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ہے اور اس کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم میں شکایت درج کروائی، اور جعلی مجسٹریٹ کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔