علی پورچٹھہ:بغیر نوٹس تھڑے مسمار کرنے پر تاجروں کا احتجاج

علی پورچٹھہ:بغیر نوٹس تھڑے مسمار کرنے پر تاجروں کا احتجاج

اے سی جواد پیرزادہ ، لیگی رہنمائوں کی تاجروں سے ملاقات ،تعاون کی یقین دہانی

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں گزشتہ رات بلدیہ کی جانب سے بغیر پیشگی نوٹس دکانوں کے آگے بنے تھڑے مسمار کیے جانے پر تاجر برادری میں اشتعال پھیل گیا، تاجر تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئیں۔ تاجروں کا مؤقف تھا کہ اگر انہیں پیشگی نوٹس دیا جاتا تو وہ ازخود قانون کے مطابق تھڑے ختم کر دیتے مگر اچانک کارروائی نے ان کیلئے شدید مشکلات پیدا کر دیں۔

صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ، مسلم لیگ (ن)کے رہنما بشارت علی چیمہ، عرفان افضل چٹھہ اور چیف آفیسر بلدیہ گلریز افضل وڑائچ نے مرکزی انجمن تاجران کے دفتر میں تاجروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر ذوالفقار علی بھٹو نے کہا کہ تاجروں کو واضح نوٹس دیا جائے کہ دکانوں کے آگے سامان رکھنے کی حدود کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ قانون کے نفاذ میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر بلاجواز کارروائیاں کی جائیں گی تو کاروبار کرنا ممکن نہیں رہے گا۔

ملاقات کے دوران اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ نے تاجروں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ کا مقصد کسی کا روزگار چھیننا نہیں بلکہ قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ، انتظامیہ تاجروں کے ساتھ مشاورت اور تعاون کو ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود شہر کا مزید دورہ کریں گے اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو تاجروں کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایات جاری کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں