گجرات:ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا ڈائگناسٹک سنٹرکا دورہ
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )ڈی سی نورالعین قریشی اورڈی پی او رانا عمر فاروق کا رشیدہ شفیع فاؤنڈیشن کے تیسرے میگا فلاحی پراجیکٹ رضیہ خورشید ڈائگناسٹک سنٹرکا خصوصی دورہ۔
ڈی سی نور العین قریشی نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں رشیدہ شفیع ٹراما سینٹر، ضلع گجرات میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کا میگا پراجیکٹ اور اب رضیہ خورشید ڈائیگناسٹک سینٹر بہت بڑے فلاحی پرا جیکٹس ہیں ،ڈائگناسٹک سنٹرکاماہ اپریل میں فعال ہونا قابل تحسین اقدام ہے ،بھرپورتعاون کریں گے ۔ ڈی پی او رانا عمر فاروق نے صدر ر شیدہ شفیع فاونڈیشن امتیاز کوثر، مخیر شخصیات اورانکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتنی شاندار بلڈنگ دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے کہ رضیہ خورشید ڈائگناسٹک سینٹر سٹیٹ آف دی پراجیکٹ گجرات کے عوام کیلئے بننے جا رہا ہے ۔ پاکستان کی آبادی جتنی تیزی سے بڑھ رہی ہے اس کے لیے تمام سہولیات کا بوجھ صرف حکومت پرڈال دینا مناسب نہیں رشیدہ شفیع فاؤنڈیشن جیسی غیر منافع بخش تنظیمیں انسانی فلاح کیلئے بھرپور خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ صدر امتیاز کوثر نے کہا کہ پوری دنیا میں جو ترقی یافتہ مالک بھی ہیں وہاں پر بھی دیکھا جائے تو اکیلے حکومت سب کچھ نہیں کر سکتی جب پرائیویٹ لوگ ملتے ہیں تو اس طرح پراجیکٹ کامیاب ہوتے ہیں۔