علی پورچٹھہ :بس سٹینڈ پر پینے کا پانی نہ واش روم کی سہولت
بو سیدہ اور خستہ حال چھت کے با عث حادثے کا خدشہ ، مسافروں کا اصلاح کا مطالبہ
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ کا جنرل بس سٹینڈ زبوں حالی کا شکار ہے اور مسافروں کیلئے مشکلات کا گڑھ بن چکا ہے ۔ بوسیدہ اور خستہ حال چھت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے جبکہ پینے کے صاف پانی اور واش رومز جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ نے خطرناک اور کمزور چھت کی مرمت کے بجائے محض سیلنگ لگا کر اور رنگ و روغن کر کے وقتی طور پر چھپانے کی کوشش کی ، جس کے بعد فوٹو سیشن کے ذریعے افسر وں کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کی گئی تاہم چند ماہ بعد بارش کے باعث چھت سے پانی ٹپکنے لگا، سیلنگ گر گئی اور اصل بوسیدہ ڈھانچہ دوبارہ نمایاں ہو گیا۔ صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ مسافر خوف کے باعث چھت کے نیچے کھڑے ہونے سے بھی گریز کرتے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ بس سٹینڈ پر نہ تو پینے کا صاف پانی میسر ہے اور نہ ہی قابلِ استعمال واش رومز جس کی وجہ سے خواتین، بزرگوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنرل بس سٹینڈ کی ازسرِنو تعمیر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو محفوظ اور باعزت سفری ماحول میسر آ سکے ۔