سرکاری نرخوں پرآٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، عثمان طاہر

سرکاری نرخوں پرآٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، عثمان طاہر

ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ضلع میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے فوری نوٹس لے لیا اور ہدایت کی کہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کے بھی احکامات جاری کیے ۔تفصیلات کے مطابق چکی مالکان کی جانب سے آٹے کو 125 روپے فی کلوگرام اور 15 کلوگرام کے تھیلے کی قیمت 1700 سے 1850 روپے کے درمیان فروخت کرنے کی اطلاعات موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے درجنوں پوائنٹس پر سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور ضلع بھر کے بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز پر شہریوں کو سرکاری نرخ پر آٹا فراہم کرنے کے لیے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں ہر جمعے کے روز ٹرکوں کے ذریعے شہریوں کو سرکاری نرخ پر آٹا فراہم کیا جائے تاکہ مہنگائی سے عوام کو ریلیف مل سکے ۔ عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ شہریوں کو مہنگے داموں آٹے کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ضلع میں جاری اقدامات سے آٹے کی دستیابی میں بہتری آئی ہے اور شہریوں کو معقول نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں