قابض میئر کے تمام دعوے جھوٹ ثابت، منعم ظفر
ہائیڈرنٹس بند کرنے کا اعلان تو کردیا ،لائنوں سے پانی کا کیاانتظام کیا ؟ نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے 1000مین ہول کور کی تقسیم کا افتتاح
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے 1000مین ہول کور کی تقسیم کے افتتاح کے موقع پر ٹاؤن چیئر مین نیو کراچی ودیگر کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن نے 600گلیوں کی تعمیر،واٹر پارک کا تحفہ دیا،20ہزار گھروں تک صاف پانی پہنچایا ہے ، نیو کراچی ٹاؤن لائق تحسین ہے جس نے شہریوں کے لیے ایک ہزار مین ہول کور تیار کیے ہیں تاکہ شہر کے بچوں کا تحفظ ممکن محفوظ بنایا جاسکے، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی بھی اپنے ٹاؤنز میں اسی طرح مین ہول کور تقسیم کریں،قابض میئر کے سارے وعدے جھوٹے ثابت ہورہے ہیں، وہ تاریخیں دے کر مکر جاتے ہیں، جہانگیر روڈ،سات ہزار فٹ روڈ، نیو کراچی،ایم ایم عالم روڈ،منگھو پیر روڈ پر عوام روزانہ اذیت کا شکار ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا وژن کراچی کو کھنڈر ات کا شہربنانا ہے ، سندھ حکومت کا کوئی منصوبہ مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا، مرتضیٰ وہاب نے ہائیڈرنٹس بند کرنے کا اعلان تو کردیا ہے لیکن شہریوں کو لائنوں سے پانی پہنچانے کا کیاانتظام کیا گیاہے ؟کسی کو نہیں معلوم شہر کا 40فیصد سے زائد حصہ واٹر ٹینکرز پر انحصار کرتا ہے ، شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ شہر میں تعمیر وترقی کاکام مکمل ہورہا ہے ، عوام کو بتایا جائے کہ اب تک شہر میں کون سا ترقیاتی منصوبہ مکمل ہوا ہے ، سارے شہر کو کھود کر رکھ دیا گیا ہے ، جہانگیر روڈ سندھ حکومت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا بن گیا ہے۔