لاڑکانہ:ایل پی جی قیمتوں میں اضافے کیخلاف رکشہ یونین کا مظاہرہ
سرکاری قیمت 220 روپے ، لیکن 340 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ،گلزار گوپانگسپریم کورٹ، حکومت اور اوگرا نوٹس،ڈیلرز کے خلاف قانونی کارروائی کرے ، مطالبہ
لاڑکانہ (بیورورپورٹ) لاڑکانہ میں رکشہ ڈرائیور لیبر یونین کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے خلاف رکشوں کے ساتھ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے گیس ڈیلرز کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر یونین کے صدر گلزار علی گوپانگ، سینئر وائس چیئرمین غلام قادر سومرو، جنرل سیکریٹری محمد معشوق ٹگڑ اور دیگر نے کہا کہ ہم غریب رکشہ ڈرائیوروں اور لاڑکانہ کے عام شہریوں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر زیادتیاں کی جا رہی ہیں، اس وقت لاڑکانہ شہر میں ایل پی جی 340 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے ، جبکہ اوگرا کی جانب سے مقررہ قیمت 220 روپے فی کلو ہے ، ایل پی جی کی قیمتوں میں اس مصنوعی اضافے کی وجہ سے ہم رکشہ ڈرائیوروں کا گزارہ بہت مشکل ہو گیا ہے اور ہمارے گھروں میں فاقہ کشی جیسی صورتحال پیدا ہوچکی ہے ۔ انہوں نے سپریم کورٹ ، سندھ ہائی کورٹ، سندھ حکومت، اوگرا اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے گیس ڈیلرز کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے اور اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والے ڈیلرز کے خلاف عدالت میں پٹیشن بھی دائر کی جائے گی۔