کتا مار مہم کے حوالے سے عدالت کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا، میئر

کتا مار مہم کے حوالے سے عدالت کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا، میئر

شہر میں کتوں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے ،نیب نے جو ریکارڈ مانگا ہے وہ فراہم کیا جائے گا،مرتضیٰ وہاب واٹر کارپوریشن کو پانی کی منصفانہ تقسیم کی حکمتِ عملی بنانے کی ہدایت کردی،جہانگیر روڈ تا تین ہٹی روڈ کے منصوبے کا سنگ بنیاد

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے جہانگیر روڈ تا تین ہٹی روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے فیصلہ کیا کہ اب یہ سڑک مکمل طور پر کے ایم سی اپنے وسائل سے تعمیر کرے گی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری رؤف ناگوری،کے ایم سی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، اقبال ساند، منتخب نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر روڈ کی بحالی کراچی کی مجموعی ترقیاتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے اور اس سے نہ صرف ٹریفک روانی بہتر ہوگی بلکہ شہری سہولتوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اگر ٹاؤنز بھی کے ایم سی کے ساتھ مل کر کام کریں تو آنے والا سال کراچی کے لیے ریلیف کا سال ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ پہلے پانی کی منصفانہ تقسیم کی جامع حکمتِ عملی تیار کی جائے اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا، ساتوں ہائیڈرنٹس کی فوری ٹینڈرنگ روک دی ہے اور واٹر کارپوریشن کا پروپوزل سٹی کونسل میں لایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اگر ہائیڈرنٹس مکمل طور پر بند کر دیے جائیں تو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ جن علاقوں میں لائن کا پانی نہیں پہنچتا وہاں ٹینکر کے بغیر پانی کیسے پہنچایا جائے گا، 23 جنوری کو واٹر کارپوریشن کی بورڈ میٹنگ ہوگی جس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں کتوں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے ، کتا مار مہم کے حوالے سے عدالت سے ہدایات لی جا رہی ہیں اور جو بھی فیصلہ عدالت کرے گی اس پر عمل کیا جائے گا، اگر عدالت اجازت دے تو فوری طور پر مہم شروع کی جا سکتی ہے ، میئر کراچی نے کہا کہ نیب نے جو ریکارڈ مانگا ہے وہ فراہم کیا جائے گا، ادارے کا مکمل احترام کیا جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں