کمشنر کا نصرت فتح علی خاں ہسپتال کا دورہ، صفائی کا جائزہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی جانب سے ہسپتالوں کی انسپکشن کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے ۔
اسی سلسلے میں انہوں نے نصرت فتح علی خاں ہسپتال، حسیب شہید کالونی کا دورہ کیا۔کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے مریضوں سے تسلی کی۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے مجموعی انتظامات اور بیڈ شیٹس کی صفائی کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر فیصل آباد نے ہسپتال کے توسیعی منصوبے سے متعلق بریفنگ لی اور کہا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کو بروقت مکمل کرانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے شعبۂ صحت میں کیے گئے انقلابی اقدامات کے ثمرات بلا تعطل مریضوں تک پہنچنے چاہئیں۔کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہسپتالوں کی انسپکشن کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔