صنعتی یونٹس شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ

صنعتی یونٹس شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ

65 ہزار سے زائد یونٹس کو مرحلہ وار منتقل کیا جائے گا ،متعدد یو نٹ آبادی کیلئے خطرہ قرار ، ’’ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیشن کمیٹی ‘‘کا اجلاس ،ذیلی کمیٹی قائم

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )ڈویژنل انتظامیہ نے ایک بڑا اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے صنعتی شہر فیصل آباد کے 65 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے صنعتی یونٹس کو مرحلہ وار شہر سے باہر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ، جبکہ متعدد صنعتی یونٹس کو آبادی کیلئے خطرہ بھی قرار دے دیا گیا ہے ۔ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی جانب سے تشکیل دی گئی ‘‘ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیشن کمیٹی’’ کا پہلا اجلاس کنوینئر و ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ٹی او آرز کے مطابق صنعتی یونٹس کی مرحلہ وار اور رضاکارانہ منتقلی کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے کمیٹی کے اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر فیصل آباد کے ویژن کے مطابق گنجان آباد علاقوں میں قائم مسائل زدہ صنعتی یونٹس کو مرحلہ وار شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ روڈ میپ کے تحت صنعتی زونز کے قیام کیلئے اراضی کے حصول، بنیادی سہولیات، مراعات و ترغیبات کی فراہمی، منتقلی کا مؤثر پلان اور سازگار آپریشنل ماحول کیلئے جامع سفارشات مرتب کی جائیں گی۔صدرِ اجلاس نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد جدید اربن ڈویلپمنٹ، منظم اور پائیدار صنعتی ترقی کو فروغ دینا اور شہر کو زہریلے دھویں سمیت دیگر ماحولیاتی آلودگی سے پاک کر کے صحت و صفائی کے معیار کو دیرپا بنیادوں پر بہتر بنانا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مربوط محکمانہ سروے کے مطابق شہر میں تقریباً 65 ہزار صنعتی یونٹس موجود ہیں، جن میں سے بعض سیوریج، ٹریفک کے بہاؤ، ویسٹ واٹر مینجمنٹ، صحت و صفائی اور ماحولیاتی آلودگی جیسے سنگین مسائل پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں گنجان آباد علاقوں میں قائم خطرناک اور مسائل پیدا کرنے والے صنعتی یونٹس کو شہری حدود سے باہر منتقل کرنے اور انہیں ضروری سہولیات، مراعات اور ترغیبات فراہم کرنے کی سفارش کی جائے گی۔اجلاس کے دوران ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات، ڈائریکٹر لیبر اور ڈی ایم ڈی واسا شامل ہوں گے ۔ یہ ذیلی کمیٹی شہری مسائل پیدا کرنے والے صنعتی یونٹس کی نشاندہی اور ان کے حل سے متعلق رپورٹ تیار کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں