سہولت بازار میں کنٹرول ریٹ پر اشیائفراہم کرنیکی ہدایت
ڈی سی ملیحہ رشید کا دورہ،قیمتوں، معیار، صفائی ،قیمتوں پر عملدرآمد کا جائزہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے ماڈل سہولت بازار کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں، معیار اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر دکانوں پر آویزاں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کو بھی چیک کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے خریداروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو کنٹرول ریٹ پر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں من مانی یا معیار پر سمجھوتہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ملیحہ رشید نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے قائم کیے گئے ماڈل سہولت بازار عوام کے لیے ایک بہترین اقدام ہیں جہاں شہری کھلے بازار کے مقابلے میں کم نرخوں پر معیاری اشیا خرید سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خود ان بازاروں کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ قیمت، معیار اور صفائی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ عوام کی شکایات کو فوری سنا جائے اور ان کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے تاکہ حکومت کے اس فلاحی اقدام کے ثمرات عام شہری تک پہنچ سکیں۔