مری میں ممکنہ برفباری ، تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
سڑکوں کی کلیئرنس کیلئے بھاری مشینری تیار ،خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں ،ڈی سی
مری(نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس ہوا ، سرمائی سیزن،برفباری کے دوران شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت، سہولیات کی فراہمی اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات اور محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا،تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے ایمرجنسی کور پلان، برف ہٹانے کی مشینری، ٹریفک پلان، ریسکیو و طبی سہولیات، بجلی و گیس فراہمی اور سیاحوں کی رہنمائی دئیے جانے سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی،ڈی سی نے ہدایات دیں کہ تمام محکمے ہائی الرٹ پر رہیں اور اپنی فیلڈ موجودگی کو یقینی بنائیں،سیاحوں کے لیے ہیلپ ڈیسک اور فیسیلیٹیشن سینٹرز مکمل فعال رکھے جائیں،برفباری کے دوران سڑکوں کی فوری کلیئرنس کیلئے بھاری مشینری تیار حالت میں رہے ، ریسکیو 1122،ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت کا عملہ فیلڈ میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرے ، سیاحتی پوائنٹس پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے ،سوشل میڈیا، ایف ایم ریڈیو اور دیگر ذرائع سے سیاحوں کو لمحہ بہ لمحہ معلومات فراہم کی جائیں۔