بسنت پر شہری 10 ہزار رکشوں پر مفت سفر کرینگے
رکشوں کی فراہمی کے بدلے کمپنیاں بسنت پر مفت اشتہاری مہم چلائینگی
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے )بسنت پر لاہوریوں کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کیساتھ رکشوں کا سفر بھی مفت،ضلعی انتظامیہ لاہورانتظامات کیلئے سرگرم، ذرائع کے مطابق بسنت پرشہر میں 10 ہزار رکشے مفت سفر کیلئے دستیاب ہونگے ۔رکشوں کی فراہمی کیلئے دو معروف آن لائن رائیڈ کمپنیوں سے معاہدہ پر پیشرفت جاری ،معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں 3 دن کیلئے رکشے فراہم کریں گی اورفراہمی کے بدلے بسنت پر مفت اشتہاری مہم چلائینگی،رکشے شہر کے مختلف علاقوں میں دستیاب ہونگے ،شہریوں کو آن لائن رائیڈ بک کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی ،مسافر کہیں سے بھی رکشے میں سوار ہو کر سفر کرسکیں گے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی مفت دستیاب ہو گی۔ ڈویژن کے دیگر اضلاع سے بھی لاہور کیلئے مفت بسیں چلائی جائینگی ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مفت ٹرانسپورٹ کا مقصد موٹرسائیکل کا استعمال کم کرنا ہے۔