واحد سڑک کا گرین انرجی منصوبہ کاغذوں تک محدود، کروڑوں کے بجلی بل ادا

واحد سڑک کا گرین انرجی منصوبہ کاغذوں تک محدود، کروڑوں کے بجلی بل ادا

سی بی ڈی روٹ 47 پر سولر پینلزکی تنصیب 6 ماہ بعد بھی شروع نہ ہو سکی،توانائی کے لحاظ سے خود کفیل بنانے کا منصوبہ لٹک گیا

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور کی واحد سڑک کو خود کفیل بنانے کا خواب تاحال حقیقت کا روپ نہ دھار سکا۔سی بی ڈی روٹ 47 پر بجلی پیدا کرنے کے دعوے کیے گئے مگر سولر پینلز کی تنصیب چھ ماہ بعد بھی شروع نہ ہو سکی۔نتیجہ یہ کہ گرین انرجی کا منصوبہ کاغذوں تک محدودجبکہ کروڑوں کے بجلی بل ادا کیے جا رہے ہیں ،منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے تحت تعمیر سی بی ڈی روٹ 47 پر سولر پینلز کی تنصیب میں چھ ماہ کی تاخیر سامنے آ گئی ۔ روٹ 47 کو 17 جون 2025 کو ٹریفک کیلئے کھولا گیا۔

منصوبے کے مطابق روٹ 47 کے واک ویز پرسولر پینلز نصب ہوناتھے ، جنکے ذریعے ایک میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ سولر پینلز کی بجلی سے سڑک کی روشنی، دیگر برقی تنصیبات اور آپریشنل اخراجات کو پوراکرنے سمیت سرکاری خزانے پر بوجھ کم کیاجاناتھا تاہم زمینی حقائق برعکس نکلے ۔افتتاح کوچھ ماہ گزرگئے روٹ 47 پرتاحال سولر پلیٹس لگانے کا آغاز نہ ہو سکا جبکہ سی بی ڈی روٹ 47 پر سولر لائٹس ودیگر بجلی سے چلنے والی تنصیبات بدستور فعال ہیں مگر ان کیلئے بجلی قومی گرڈ سے لی جا رہی ہے ۔سی بی ڈی کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ روٹ 47 پر سولر پینلز تنصیب کا منصوبہ ابتدائی پی سی ون کا حصہ نہیں تھا۔ بعد ازاں سولر پینلز لگانے کیلئے متعلقہ اتھارٹی سے دوبارہ منظوری حاصل کر لی گئی،تنصیب کا کام آئندہ ماہ شروع ہوجائیگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں