الفتح گرائونڈ میں دکانیں بنا نے کے منصوبہ کیخلاف احتجاج
نوجوان کرکٹرز کی ریلی ، انتظامیہ سے دکانیں بنانے کا منصوبہ ختم کرنے کا مطالبہ
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)پیپلز کالونی میں واقع الفتح گرائونڈ میں دکانیں بنا نے کے منصوبہ کے خلاف کھلاڑیوں کا احتجاج ، گرائونڈ میں ریلی نکالی اور انتظامیہ سے گرائونڈ میں دکانیں بنانے کے منصوبہ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ پیپلز کالونی میں واقع الفتح گرائونڈ میں سینکڑوں نوجوان کرکٹ کھیلتے ہیں ۔پیپلز کالونی کے علا و ہ دیگر علاقوں سے بھی نوجوان اسی گرائونڈ میں کر کٹ کھیلنے آتے ہیں لیکن پی ایچ اے کی جانب سے گرائونڈ میں دکانیں بنانے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس کا باقاعدہ ٹینڈر بھی ہو گیا ، گرائونڈ میں کھدائی کیلئے نشانات لگائے جا رہے ہیں جس پر نوجوان کر کٹرز نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے ۔بلے ہاتھوں میں اٹھائے نوجوانوں نے شدید نعرے بازی کی ۔ کھلاڑیوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرائونڈ میں دکانیں بنانے کے منصوبہ کو ختم کیا جائے ۔گرائونڈ کو کھیلوں کیلئے رہنے دیا جائے ،پہلے ہی کھیلوں کے میدان کی کمی ہے نوجوان سڑکوں پر کھیلتے ہیں اگر دکانیں بن گئیں تو گرائونڈ چھوٹے ہو جائیں گے ، کھلاڑیوں نے ڈی سی گوجرانوالہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔