پانی کی کمی ،گردوں کے امراض میں تشویش ناک اضافہ

پانی کی کمی ،گردوں کے امراض میں تشویش ناک اضافہ

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)سرد موسم میں پانی کی کمی کے با عث گردوں کے امراض میں تشویش ناک اضافہ ہونے لگا،

سردی اور خشک ہواؤں میں اضافے کے باعث گوجرانوالہ میں شہریوں کی بڑی تعداد پانی کا استعمال کم کر رہی ہے جس کے نتیجے میں گردوں کے امراض تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ سول ہسپتال گوجرانوالہ اور گوجرانوالہ میڈیکل کالج ہسپتال میں روزانہ 100 سے زائد مریض گردے کی پتھری، انفیکشن اور دیگر پیچیدہ امراض کے ساتھ رپورٹ ہو رہے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق سرد موسم میں پسینہ کم آنے کے باعث شہری پانی پینا غیر ضروری سمجھنے لگتے ہیں جو صحت کیلئے خطرناک رجحان ہے سردیوں میں بھی پانی کی کمی گردے میں پتھری بننے کی بڑی وجہ بنتی ہے جس سے مریضوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،

بیشتر مریض اس وقت ہسپتال آتے ہیں جب تکلیف شدت اختیار کر چکی ہوتی ہے حالانکہ مناسب مقدار میں پانی پینے سے ان بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے ۔ گردوں کے ماہر ڈاکٹرزنے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ شدید سردی کے باوجود روزانہ 3سے 4لٹر پانی کا استعمال یقینی بنائیں، صاف پانی پینے کی عادت اپنانا ضروری ہے کیونکہ آلودہ پانی گردوں کے ساتھ ساتھ دیگر بیماریوں کا بھی سبب بنتا ہے ۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی کہ پانی کے استعمال میں لاپروائی نہ برتیں تاکہ گردوں کے امراض سے محفوظ رہا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں