گجرات:ایک ہفتے میں سبزی منڈی کا سیوریج بحال کرنے کا حکم
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین کی ہدایت پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشان حفیظ بٹ نے سبزی منڈی جی ٹی روڈ کا دورہ کیا ،چیئرمین سبز منڈی مدثر چودھری نے حالیہ دنوں سبز ی منڈی میں نکاسی آب کے درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے سیوریج اور ڈرینج سسٹم کا جائزہ لیتے ہوئے مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ کو منڈی میں موجود چھوٹے نالوں کی صفائی کی ذمہ داری سپرد کی جبکہ واسا کی ٹیمیں بڑے سیوریج نالے میں نکاسی آب کی بحالی، ڈی سلٹنگ سمیت مکمل صفائی کے کام سر انجام دیں گی، انہوں نے واسا ٹیموں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں منڈی کے سیوریج نالے میں نکاسی آب کی مکمل بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، اس موقع پر صوبائی وزیر شافع حسین کے پولیٹیکل سیکرٹری تیمور بٹ، صدر سبزی منڈی حافظ صابر جاوید، سرپرستِ اعلیٰ چودھری عاقب افتخار ،واسا افسر اور عملہ بھی ہمراہ تھا،منیجنگ ڈائریکٹر نے یقین دہانی کر ائی کہ واسا گجرات شافع حسین کی ہدایت کے مطابق عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور سبزی منڈی میں نکاسی آب کے نظام کو جلد مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا ۔