پنڈی بھٹیاں: پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی بھر مار کے باوجود مہنگائی بے قابو

پنڈی بھٹیاں: پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی بھر مار کے باوجود مہنگائی بے قابو

آئے روز جرمانوں سے دکاندار اور خوانچہ فروش تنگ ، متعدد اشیا خورونوش مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت ،انتظامیہ کونرخوں کا علم ہی نہیں ہوتا :دکاندار ، حقیقت پسندانہ پالیسیاں بنا ئی جائیں:شہری

پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کی جانب سے درجنوں سرکاری اہلکاروں کو پرائس مجسٹریٹس کے اختیارات نے د کاندار وں اور خوانچہ فروشوں کی زندگی اجیرن کر دی ، ایک اہلکار دکان سے جرمانہ وصول کر کے نکلتا ہے تو دوسرا آجاتا ہے لیکن پرائس مجسٹریٹس کی فوج ظفر موج کے باوجود اشیا خور ونوش کی قیمتیں مارکیٹ میں سرکاری نرخوں سے میچ نہیں کرتیں، متعدد چیزیں مقرر نرخوں سے مہنگی فروخت ہو رہی ہیں جبکہ چند اشیا سرکاری سے کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں جن میں آجکل خصوصاً مختلف سبزیات شامل ہیں جو خوانچہ فروش گلیوں میں کم قیمت پر فروخت کر رہے ہیں جبکہ چھوٹا اور بڑا گوشت چکن اور دیگر روز مرہ ضروریات کی اشیا مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں ۔ شہریوں کے مطابق د کانداروں کو روزانہ کی بنیاد پر جرمانوں کا عام آدمی کو فرق نہیں پڑتا۔د کانداروں کا موقف ہے کہ ضلعی انتظامیہ دفاتر میں بیٹھ کر کاغذی کارروائی پوری کر رہی ،انہیں نرخوں کا علم نہیں ہوتا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک حکومتی سطح پر حقیقت پسندانہ پالیسیاں نہیں بنائی جائیں گی جتنی مرضی فورسز بنالی جائیں ، عوام کو فائدہ نہیں ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں