ڈسکہ کے تجارتی مراکز سے بھکاریوں کا خاتمہ نہ ہوسکا
بھکاریوں کی آڑ میں نوسر باز اور جیب کترے سرگرم ، کئی افراد لٹ چکے
موترہ(نامہ نگار )ڈسکہ شہر کے تجارتی مراکز سے بھکاریوں کا خاتمہ نہ ہوسکا، بھکاریوں کی آڑ میں نوسر باز اور جیب کترے سرگرم ہیں او ربازاروں میں خریداری کیلئے آنیوالی کئی خواتین ان کے ہاتھوں لٹ چکی ہیں ۔علاقہ بھرکے تجارتی مراکز میں خریداری کیلئے آنیوالی کئی خواتین جیب کتروں کا شکار ہوچکی ہیں اور بازاروں میں مختلف روپ دھارے بھکاریوں کی بڑی تعداد سے دوکاندار بھی تنگ ہیں اکثر خواتین بھکاری تو پیچھے ہی پڑ جاتی ہیں اور ٹولیوں کی صورت میں ہر جگہ پہنچ جاتی ہیں جس کی وجہ سے مستحق افراد بھی امداد سے محروم رہتے ہیں اہم شاہراہوں ’مارکیٹوں میں تو بھکاریوں نے پکے ڈیرے لگارکھے ہیں اور کچھ تو چھوٹے بچوں کو اٹھا کر مختلف مجبوریاں سناکر بھیک مانگتے ہیں دکانداروں کی اکثریت نے انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ شہریوں کاکہنا ہے کہ انتظامیہ کو پیشہ ور بھکاریوں سے کوئی رعایت نہیں برتنی چاہیے اور مختلف روپ دھارے بھکاریوں کو پکڑ کر پابند سلاسل کیاجائے ۔