گجرات شہر میں ڈرینج سسٹم کا جامع صفائی آپریشن شروع

 گجرات شہر میں ڈرینج سسٹم کا جامع صفائی آپریشن شروع

شہر 3 زون میں تقسیم ، منصوبے کو 2 ماہ کے اندر مکمل کیا جا ئیگا : منیجنگ ڈائریکٹر

گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )مون سون سے قبل واسا کی صفائی مہم، شہر کو 3 زون میں تقسیم کر کے ڈرینج سسٹم کا جامع صفائی آپریشن شروع کر دیا ،شہر کو مون سون کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال اور سیوریج کے مسائل سے محفوظ رکھنے کیلئے واسا گجرات کی جانب سے بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جو شہر کے تینوں زونز میں بیک وقت جاری ہے اس مہم کے تحت شہری ڈرینج سسٹم کو مکمل طور پر فعال بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی، ہیوی مشینری اور تربیت یافتہ فیلڈ سٹاف کو مسلسل متحرک رکھا گیا ہے، منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشان حفیظ بٹ کی جانب سے مون سون سے قبل سیوریج لائنوں، مین ہولز اور بڑے نالوں کی مرحلہ وار اور موثر صفائی کو یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا مون سون کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کیلئے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں اور اسی مقصد کے تحت یہ مہم بلا تعطل جاری رکھی گئی ہے ۔ 6 روز سے سرگودھا روڈ پر 2 کلومیٹر طویل سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل ونچنگ مشین کے ذریعے جاری ہے ۔ اس آپریشن کے دوران ڈرینج سسٹم اور مین ہولز میں جمع شدہ ملبہ، کچرا اور رکاوٹیں کو ختم کرتے ہوئے پانی کے بہاؤ میں بہتری و تیزی لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے اس منصوبے کو 2 ماہ کے اندر مکمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ دوسری جانب رتی ڈسپوزل سٹیشن سے اندرونِ شہر تک نکاسی آب کیلئے بچھائی گئی ڈیڑھ کلومیٹر طویل سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں