پرویز اشرف ،حسن مرتضیٰ پارٹی کیخلاف سازش کررہے : ارشاد اللہ
جیالے کسی بھی سازش کو قبول نہیں کرینگے ،بلاول بھٹو انکوائری کرائیں:پریس کانفرنس
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سنٹرل پنجاب میں پیپلزپارٹی کو کمزور کرنے میں صدر پیپلزپارٹی پنجاب راجہ پرویز اشرف جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ کا بنیادی کردار ہے متحرک اور فعال عہدیداروں کو فارغ کرکے غیر فعال ڈمی ذاتی ملازموں رشتے داروں اور پسند و نا پسند کی بنیاد پر عہدے دے کر راجہ پرویز اشرف اور حسن مرتضیٰ نے پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو زرداری کیخلاف بڑی سازش کی ہے جیالے کسی بھی سازش کو قبول نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی ضلع گوجرانوالہ کے سینئر رہنما ارشاد اللہ سندھو نے پیپلزپارٹی ضلع گوجرانوالہ کے عہدیدار وں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ارشاد اللہ سندھو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر اور جنرل سیکرٹری کی بد دیانتی اور بد نیتی کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے متنازع شخصیات کو عہدے دے دئیے ہیں جو پیپلزپارٹی گوجرانوالہ ڈویژن اور ضلع کے ساتھ بڑی سازش اور زیادتی ہے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دیکر سنٹرل پنجاب میں ہونے والی تنظیم سازی کی انکوائری کرائی جائے اور بلاول دشمن اور پیپلزپارٹی دشمن سوچ رکھنے والے صدر پیپلزپارٹی پنجاب راجہ پرویز اشرف اور جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ کو فارغ کیا جائے ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔