گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کشمیر کالونی کینٹ کا افتتاح
اگلے ماہ سے کلاسز کا آغاز ہوجائیگا:ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر امان اﷲ و دیگر کا خطاب
راہوالی(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار )گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کشمیر کالونی کینٹ کا افتتاح کردیا گیا اگلے ماہ سے کلاسز کا آغاز ہوجائیگا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کشمیر کالونی میں تقریب زیر صدارت اوور سیز پاکستانی خواجہ فاروق منعقد ہوئی ، مہمان خصوصی ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ ڈویژن پروفیسر ڈاکٹر امان اﷲ راٹھور ،ڈی ای او ڈاکٹر کامران صدیقی ،پی ایس او ٹو کمشنر ندیم بٹ ،ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ منورحسین اور کرنل چنگیز خاں تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر امان اﷲ راٹھور نے کہا کہ چیف منسٹر مریم نواز کی تعلیم دوست پالیسی کے تحت طالبات کی تعلیم اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ اور سیز پاکستانی امریکن خواجہ محمد فاروق کی گرلز ہائی سکول کو ہائیر سیکنڈری کر انے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ پرنسپل بشری ٰ اختر نے کہا کہ ہائیر سیکنڈری سکول کے قیام سے علاقہ کی طالبات کو گھر کی دہلیز پر تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا ۔خواجہ فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 24سال قبل امریکہ جانے سے پہلے بہت ترقیاتی کام کر ائے مگر بدقسمتی سے اسکے بعد کسی منتخب عوام نمائندے نے کشمیر کالونی کے مسائل پر توجہ نہ دی اب بجلی ،گیس مالکانہ حقوق سکولوں کی اپ گریڈیشن سٹریٹ لائٹس اور سیوریج کے کام مکمل کر ارہے ہیں انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں ہائیر سیکنڈری سکول کو کمپیوٹر سائنس کالج بنوائیں گے تاکہ علاقہ کی بچیاں بیرون ممالک جاکر زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔