شیرانوالہ باغ لنڈا بازار کا سیوریج بند، پانی جمع
واسا کو شکایات کے باوجود پانی کا نکاس کیا جاسکا اور نہ ہی خراب سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جاسکے ،گزرنا محال ، دکانداروں اور شہریوں کا احتجاج
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)شیرانوالہ باغ ریلوے پھاٹک لنڈا بازار کا سیوریج سسٹم 3 روز سے خراب، گندے پانی کا نکاس نہ ہونے سے دکاندار اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، محکمہ واسا کی ٹیموں کو شکایات درج کر ا نے کے باوجود پانی کا نکاس کیا جاسکا اور نہ ہی خراب سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جاسکے ، شیرانوالہ باغ ریلوے پھاٹک کے قریب قائم لنڈا بازار میں گارمنٹس، گرم ملبوسات اور دیگر دکانیں قائم ہیں جہاں روزانہ سینکڑوں مردوخواتین خریداری کیلئے آتے ہیں لیکن تین روز سے سیوریج سسٹم ناکارہ ہوگیا اور گندے پانی کا نکاس نہ ہونے سے علاقہ میں گندگی اور تعفن پھیل رہا ہے ، واسا کی طرف سے توجہ نہ دینے پر دکاندار اور راہگیر سراپا احتجاج بن گئے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ صفائی کیلئے اقدامات کرے تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کو عملی جامہ پہنایا جا سکے ۔