بخاری روڈ ریلوے لائن کیساتھ اڑھائی کلو میٹر طویل گرین جاگنگ ٹریک بنانے کا فیصلہ
شہری جاگنگ، واک اور دیگر صحت افزا سرگرمیوں سے مستفید ہو سکیں گے ،شہر کو سرسبز اور صحت مند بنانے کیلئے ایسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے :ڈپٹی کمشنر
گوجرانوالہ( سٹی رپورٹر)شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت افزا ماحول فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے بخاری روڈ ریلوے لائن کے ساتھ اڑھائی کلو میٹر طویل گرین جاگنگ ٹریک بنانے کا فیصلہ کر لیا ، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے ایم ڈی پی ایچ اے گوجرانوالہ شاہد عباس کو منصوبے پر جلد عملدرآمد کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہتر تفریحی اور صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اڑھائی کلو میٹر طویل یہ گرین جاگنگ ٹریک علاقہ میں شہری سہولیات میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگا، جہاں شہری جاگنگ، واک اور دیگر صحت افزا سرگرمیوں سے مستفید ہو سکیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ شہر کو سرسبز اور صحت مند بنانے کیلئے ایسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔علا وہ ازیں وزیر اعلیٰ کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر نے قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول سے ملحقہ گرین بیلٹس کا دورہ کیا اور پی ایچ اے کی جانب سے جاری بحالی، شجرکاری اور خوبصورتی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔